ترکیہ کا نیتن یاہو کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس کی درخواست کا فیصلہ

image


استنبول: (ویب ڈیسک) ترکیہ نے غزہ کے لیے امدادی بحری بیڑے کو روکنے اور رضاکاروں کی گرفتاری سے متعلق مقدمے میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیلی عہدیدار افیک موسکووچ کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کردی۔ ترک وزیرِ انصاف کے مطابق استنبول کی عدالت نے دونوں افراد کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے، جس کے بعد ان کی بین الاقوامی سطح پر تلاش کے لیے کارروائی شروع کی گئی ہے۔

ترک حکام کے مطابق مقدمہ گلوبل فریڈم فلوٹیلا کے خلاف بین الاقوامی پانیوں میں مبینہ اسرائیلی کارروائی اور اس میں شریک افراد کو حراست میں لیے جانے سے متعلق ہے۔ ترکیہ نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مقدمے میں نیتن یاہو سمیت مجموعی طور پر 35 افراد کو نامزد کیا ہے، جبکہ ترک استغاثہ کی جانب سے نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم سمیت سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

انٹرپول ریڈ نوٹس کسی مطلوب شخص کی تلاش اور عارضی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی تعاون کی درخواست ہوتی ہے، تاہم گرفتاری کا حتمی فیصلہ متعلقہ ملک اپنے قوانین کے مطابق کرتا ہے۔ ترکیہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں مبینہ جرائم کے ذمہ دار افراد کو استثنیٰ نہیں دیا جائے گا، جبکہ اسرائیل غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کا مؤقف رکھتا ہے۔