افغان نژاد خاتون امریکی کانگریس کی پہلی رکن منتخب
واشنگٹن: (کیلیفورنیا) عائشہ وہاب نے کیلیفورنیا کے 14ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کے خصوصی انتخاب میں کامیابی حاصل کر کے امریکی کانگریس کی پہلی افغان نژاد امریکی رکن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے اپنی ہی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار میلیسا ہرنانڈیز کو شکست دے کر 53.1 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ عائشہ وہاب کی کامیابی کو امریکی سیاست میں افغان نژاد اور مسلم کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
عائشہ وہاب نے سابق ری پبلکن رکن کانگریس ایرک سوئل ویل کی خالی ہونے والی نشست پر خصوصی انتخاب جیتا ہے۔ ان کے والدین 1980ء کی دہائی میں سوویت افغان جنگ کے دوران افغانستان سے بطور پناہ گزین امریکا منتقل ہوئے تھے۔ وہ اس سے قبل 2018ء میں ہیورڈ سٹی کونسل کی رکن منتخب ہوکر عوامی عہدہ حاصل کرنے والی پہلی افغان نژاد امریکی خاتون بنی تھیں۔ انہوں نے 2022ء میں کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹر منتخب ہوکر ریاستی ایوان کی پہلی مسلم اور افغان نژاد رکن کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔
انتخابی مہم کے دوران عائشہ وہاب کو اس رائیل نواز تنظیم اے آئی پی اے سی سے وابستہ سیاسی گروپس کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ ترقی پسند ڈیموکریٹ سیاست دان عائشہ وہاب غ زہ میں جنگ بندی، اس رائیل کو فوجی امداد پر نظرثانی اور امریکی خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی حامی ہیں۔ وہ اب جنوری2027ء تک کانگریس میں خدمات انجام دیں گی، جبکہ نومبر میں دو سالہ مدت کیلئے میلیسا ہرنانڈیز کے ساتھ دوبارہ مقابلہ متوقع ہے۔