ترکیہ اور صومالی بحری افواج کی مشترکہ کارروائی
انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ اور صومالیہ کی بحری افواج کا بحری قزاقوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کامیاب ہو گیا ہے۔ قزاقوں کے قبضے سے مال بردار جہاز بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ 10 روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران ہونے والی جھڑپ میں 14 قزاق مارے گئے ہیں۔ صومالی وزارتِ دفاع کے مطابق مال بردار جہاز کو 17 اگست کو شمال مشرقی صومالیہ کے علاقے نگال سے قزاقوں نے اغوا کر لیا تھا۔
ترکیہ اور صومالیہ کی بحری افواج کے مشترکہ سیکیورٹی آپریشن کے دوران قزاقوں کی 4 کشتیاں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائی اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث دیگر قزاق جہاز کو چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ صومالی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کارروائی ترکی اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت کی گئی جس کا مقصد صومالیہ کی ساحلی حدود کے تحفظ، بحری سلامتی اور قزاقی کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ قزاقوں کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترکیہ اور صومالیہ کے درمیان فروری 2024ء میں ہونے والے دفاعی و اقتصادی تعاون کے معاہدے کے تحت انقرہ، صومالیہ کی سمندری حدود کے تحفظ، بحری وسائل کی نگرانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے صومالی حکام کو تعاون اور معاونت فراہم کر رہا ہے۔