چلتی بس میں 16 سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، ڈرائیور اور کنڈکٹر گرفتار
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) نئی دہلی میں دن دیہاڑے پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر چلتی نجی بس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی غلط اسٹاپ پر اترنے کے بعد مدد کی تلاش میں ایک نجی بس میں سوار ہوئی تھی۔ الزام ہے کہ بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے یرغمال بنایا اور مبینہ زیادتی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گریٹر نوئیڈا کے پری چوک سے دہلی کے کشمیری گیٹ تک تقریباً 47 کلومیٹر طویل سفر کے دوران پیش آیا۔ بس کی کھڑکیوں پر پردے لگے ہونے کے باعث مبینہ طور پر باہر موجود افراد کو اندر کی صورتحال کا علم نہ ہو سکا۔ ملزمان بعد ازاں متاثرہ لڑکی کو کشمیری گیٹ کے قریب سڑک پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
نیم بے ہوشی کی حالت میں لڑکی نے اپنے اہل خانہ کو اطلاع دی، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دہلی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کر لیا جبکہ جرم میں استعمال ہونے والی بس بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید قانونی اور تفتیشی کارروائی جاری ہے۔