مشین لرننگ سے ہارٹ فیلئر کی ابتدائی شناخت ممکن

image


بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی گوانگشی میڈیکل یونیورسٹی سے وابستہ محققین نے ایسا مشین لرننگ ماڈل تیار کیا ہے جو معمول کے لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج کی مدد سے دل کی کمزور پمپنگ کے باعث ہونے والی ہارٹ فیلئر کی ایک قسم کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ تحقیق کا مقصد مختلف اقسام کے ہارٹ فیلئر میں مبتلا مریضوں کے درمیان فرق واضح کرنے کے لیے ایک آسان معاون طریقہ تلاش کرنا تھا۔

تحقیق میں دائمی ہارٹ فیلئر کے باعث اسپتال میں داخل 1480 مریضوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا، جن میں 377 مریض کم ایجیکشن فریکشن والے ہارٹ فیلئر جبکہ 1103 مریض دیگر اقسام کے ہارٹ فیلئر کا شکار تھے۔ محققین نے معمول کے 13 لیبارٹری اشاریوں کو چھ مختلف مشین لرننگ الگورتھمز میں استعمال کیا، جن میں رینڈم فاریسٹ اور ایکس جی بوسٹ نے بہتر کارکردگی دکھائی۔

محققین کے مطابق پرو بی این پی، بلڈ یوریا نائٹروجن، بلیروبن، گاما گلوٹامائل ٹرانسفریز، ہیماٹوکرٹ اور یورک ایسڈ سمیت متعدد اشاریے مریضوں کی درجہ بندی میں اہم ثابت ہوئے۔ تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ ماڈل کو حتمی تشخیص کے متبادل کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ مزید بیرونی اور مستقبل کی تحقیق کے بعد اسے ایک ابتدائی معاون آلے کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔