زیادہ دیر بیٹھنے سے صحت کو نقصان، صرف ورزش کافی نہیں

image


اوٹاوا: (ویب ڈیسک) ڈلہاؤزی یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے 21 صحت مند نوجوانوں پر تحقیق کی، جس میں 11 افراد نے 12 ہفتوں تک تیز رفتار ورزش کی جبکہ 10 افراد نے اپنی -معمول کی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ تحقیق کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ آیا باقاعدہ ورزش طویل وقت تک بیٹھنے سے خون کی شریانوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کرسکتی ہے یا نہیں۔ 

تحقیق کے دوران شرکا کو تقریباً دو گھنٹے مسلسل بیٹھنے کے بعد جانچا گیا۔ الٹراساؤنڈ کے ذریعے گھٹنے کے پیچھے موجود پاپلیٹیئل آرٹری کا جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ مسلسل بیٹھنے کے بعد اس شریان کی خون کے بہاؤ کے مطابق پھیلنے کی صلاحیت متاثر ہوئی، حتیٰ کہ باقاعدگی سے ورزش کرنے والے افراد میں بھی یہ اثر موجود تھا۔ 

محققین کے مطابق ورزش صحت کے لیے انتہائی اہم ہے، تاہم ایک مرتبہ ورزش کرنے سے پورے دن بیٹھے رہنے کے نقصانات لازماً ختم نہیں ہوتے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ ورزش کے ساتھ کام یا دیگر سرگرمیوں کے دوران وقفے وقفے سے نشست سے اٹھنا، کچھ دیر چلنا پھرنا اور جسم کو متحرک رکھنا بھی معمول کا حصہ بنایا جائے۔