کرپشن کے خلاف گرینڈ آپریشن، خفیہ سیل قائم، رنگے ہاتھوں گرفتاریاں شروع

image


لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیرو ٹالرنس پالیسی کا حکم دیتے ہوئے کرپشن کی نشاندہی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کردیا ہے، جس کی رپورٹ براہ راست وزیراعلیٰ کو پیش کی جارہی ہے۔ پنجاب میں کرپشن اور بدعنوانی کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن 1350 بھی قائم ہے، جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت مانگی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے، عوام فوری اطلاع دیں، ہر شکایت پر کارروائی ہوگی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے اور لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی جاری رہے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام کے ذریعے ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کیے گئے ہیں، ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ جو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کے لیے سی ایم میرٹ بیج دیا جائے گا، جبکہ کرپشن کرنے والا قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا اور کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔