ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 17 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔ بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے دیامر، غذر، اشکومن، گپس، یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے اپر دیر، سوات، باجوڑ، مالاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔ بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کے شہری علاقوں میں بھی خطرے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کردیا ہے۔ اداروں کو ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔