ایشین گیمز 2026: پاکستان وائٹ بال ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ شروع

image

کراچی: (اسپورٹس ڈیسک) ایشین گیمز 2026ء کے لیے پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے مختصر تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگیا، حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر، نیشنل اسٹیڈیم میں جاری چار روزہ کیمپ جمعرات تک جاری رہے گا۔ پہلے روز قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مختلف مشقوں میں حصہ لیا۔

کیمپ کے پہلے دو روز بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر توجہ دی جائے گی، جبکہ بدھ کو اوول گراؤنڈ میں تربیتی ٹی ٹوئنٹی میچ اور جمعرات کو سینٹر وکٹ پر سنیریو پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔ تربیتی میچز میں معاونت کے لیے مقامی کرکٹرز کو بھی طلب کیا گیا ہے، جبکہ عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم لیگ مصروفیات مکمل کرنے کے بعد اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔

فاسٹ بولر محمد سلمان مرزا بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کے باعث اسکواڈ سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ 24 ستمبر کی درمیانی شب 21 رکنی قومی دستہ جاپان روانہ ہوگا، اسکواڈ کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے جبکہ عبدالصمد نائب کپتان ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔