پاکستان ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر گیا

image


مسقط: (اسپورٹس ڈیسک) سلطنتِ عمان میں منعقدہ ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی اور ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ قومی ٹیم نے مقابلوں کے دوران مہارت، عزم اور بہترین گھڑ سواری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا۔ ٹیم کی اس کامیابی پر کھلاڑیوں، آفیشلز اور معاون عملے کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

پاکستان کے محمد صغیر زرگر نے تلوار کے انفرادی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ مجموعی انفرادی مقابلوں میں سلور میڈل جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دوسری جانب تصور عباس لک نے آخری روز رنگ اینڈ پیگ، لیمن سلائسنگ اور ریلے سنگل لائن کے مقابلوں میں تین گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ تصور عباس لک نے مجموعی مقابلوں میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

تصور عباس لک اس سے قبل بھی سوڈان ورلڈ کپ کوالیفائرز اور جنوبی افریقہ ورلڈ کپ میں گولڈ میڈلز جیت کر پاکستان کی نمائندگی میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ عمان میں قومی ٹیم کی مجموعی فتح نے ایک بار پھر پاکستانی ٹینٹ پیگنگ کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے۔ پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت ٹینٹ پیگنگ کے میدان میں ملک کیلئے ایک اور اہم اعزاز اور قومی کھلاڑیوں کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔