واشنگٹن میں اہم ملاقات، بیجنگ اور وائٹ ہاؤس کا تعلقات میں نیا باب کھولنے کا فیصلہ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ اپنی اہلیہ کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاؤس میں چائے کی نشست میں شریک ہوئے۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی وسعت دینے اور تعمیری بنیادوں پر مستحکم شراکت داری قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شی جن پنگ نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کے تعلقات میں بہتری کے روشن امکانات ہیں اور وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر تاریخ کے سامنے جوابدہ رہتے ہوئے مضبوط تعلقات کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بھی چینی صدر کے دورے کو انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا اور کہا کہ کئی اہم عالمی و علاقائی معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے۔
چائے کے بعد دونوں ممالک کے صدور اور ان کی اہلیہ امریکی قومی آرکائیوز کے دورے پر گئے جہاں انہوں نے تاریخی دستاویزات کا جائزہ لیا۔ شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ آرکائیوز میں ماضی کی دانش اور مستقبل کی رہنمائی موجود ہے، دونوں ممالک کا نظام الگ سہی مگر عوام کا بہتر مستقبل کا خواب ایک جیسا ہے، اس لیے اختلافات کو سمجھ کر اور تعاون بڑھا کر تعلقات کو پائیدار بنایا جا سکتا ہے۔