ڈی آئی خان میں خودکش دھماکا، 11 افراد شہید، 30 زخمی

image


پشاور: (نیوز ڈیسک) ذرائع کے مطابق دھماکا ڈی آئی خان، کوئٹہ روڈ پر واقع انسداد اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر ہوا، جہاں بارود سے بھری گاڑی (VBIED) چیک پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی درازندہ اسٹیشن کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسز بھی روانہ کی گئیں۔ ابتدائی کارروائی کے دوران 30 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 11 جاں بحق افراد کی لاشیں بھی جائے وقوع سے منتقل کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہے، جبکہ زخمیوں میں پولیس اہلکار، کسٹمز حکام اور عام شہری بھی شامل ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے واقعے پر اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ حکام کی جانب سے حملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔