سہیل آفریدی نے بھی ایبسلوٹلی ناٹ والی پالیسی اختیار کر لی
پشاور: (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی غلط پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی اور طاقتور حلقوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔ کرک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی مسلط کی گئی اور اس کے باعث عوام بے گھر جبکہ کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں بے گناہ شہریوں، پولیس اہلکاروں اور فوجی جوانوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا نا سمجھی ہے تو وہ یہ نا سمجھی بار بار کریں گے۔ انہوں نے موجودہ حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو غلط پالیسی کا حصہ بنانے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک میں وہی پالیسی بننی چاہیے جو عوام کے مفاد میں ہو اور ان کی حکومت عوامی مفاد کے خلاف کسی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کو موجودہ مشکلات سے نکال سکتے ہیں اور اداروں کی عزت و وقار بحال کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جیل میں دلیری سے وقت گزار رہے ہیں اور ان کی جدوجہد کو حقیقی آزادی کی جنگ قرار دیا ہے۔ سہیل آفریدی نے کارکنوں سے صوابی پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہاں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔