کراچی کسٹمز میں 3 ارب روپے سے زائد کے راؤٹرز کی مشکوک درآمد کا انکشاف
کراچی: (نیوز ڈیسک) کسٹمز رپورٹ کے مطابق مسلم سنز انٹرپرائز اور موسانی سنڈیکیٹ کے نام سے 71 ہزار 815 انٹرنیٹ راؤٹرز درآمد کیے گئے، جن کی ڈیوٹیز اور ٹیکسز سمیت مجموعی مالیت 3 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ راؤٹرز پی ٹی اے کی منظوری کے بغیر درآمد کیے گئے جبکہ دونوں کمپنیوں کے رجسٹرڈ کاروباری پتے بھی مشکوک پائے گئے۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دونوں کمپنیوں کے وی بوک اکاؤنٹس ہزاروں مختلف آئی پی ایڈریسز سے استعمال ہوئے، مسلم سنز انٹرپرائز کے اکاؤنٹ سے 2 ہزار 983 اور موسانی سنڈیکیٹ سے 2 ہزار 732 منفرد آئی پی ایڈریسز منسلک پائے گئے، جبکہ ایک ہزار 48 آئی پی ایڈریسز دونوں کمپنیوں میں مشترک تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کمپنیوں کے مالکان کا ابتدائی مشترکہ سرمایہ صرف 22 لاکھ روپے تھا، جو اربوں روپے کی درآمدی سرگرمیوں کے مقابلے میں انتہائی کم تھا۔
رپورٹ میں تقریباً 2 ارب 90 کروڑ روپے کی مقامی فروخت کے باوجود کیش میں معمولی سیلز ٹیکس ادائیگی، بلیک لسٹ اور غیر فعال خریداروں کو فروخت اور مبینہ فلائنگ انوائسز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ درآمدی قیمت صرف 9 کروڑ 70 لاکھ روپے ظاہر کی گئی تھی جو اسیسمنٹ کے بعد 56 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پہنچ گئی، جبکہ کسٹمز حکام نے معاملے میں بیرون ملک رقوم منتقلی، بینیفیشل اونرشپ اور بینکنگ ریکارڈ کی مزید چھان بین شروع کردی ہے۔