پاکستانی ڈاکیومنٹری آسکر ایوارڈ کی دوڑ میں شامل

image

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان نے 99ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے بٹگرام کے المناک کیبل کار حادثے پر بننے والی ڈاکیومنٹری ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کو بہترین بین الاقوامی فلم کیٹیگری کے لیے با ضابطہ منتخب کر لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے اس کیٹیگری کے لیے کسی ڈاکیومنٹری کو منتخب کیا ہے۔

محمد علی نقوی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ ڈاکیومنٹری اگست 2023ء میں بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے اور اس کے بعد ہونے والے امدادی آپریشن کی عکاسی کرتی ہے۔ حادثے میں 8 افراد، جن میں بچے بھی شامل تھے، کیبل کار میں پھنس گئے تھے، جبکہ ان کی بحفاظت رہائی کے لیے ایک مشکل ریسکیو آپریشن کیا گیا تھا۔

فلم میں عینی شاہدین کی ویڈیوز، متاثرین کے بیانات اور ریسکیو آپریشن سے متعلق واقعات کو پیش کیا گیا ہے۔ ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ اس سے قبل سن ڈانس، ٹریبیکا، سیئٹل اور سڈنی فلم فیسٹیولز میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے، جس کے بعد آسکر کے لیے اس کا انتخاب پاکستانی دستاویزی فلم سازی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔