یوکرین پر روسی حملے، 8 افراد ہلاک، 60 زخمی
کیف: (ویب ڈیسک) جمعے کو یوکرین کے مختلف علاقوں میں روسی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہو گئے، جب کہ دو شاپنگ سینٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ روئٹرز کے مطابق، یوکرینی حکام نے بتایا کہ مشرقی شہر خارکیف کے تین اضلاع پر حملوں میں 71 سالہ خاتون اور 58 سالہ شخص ہلاک، جب کہ 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شام کے وقت مزید حملوں میں 9 افراد زخمی ہوئے۔ دونیتسک کے علاقے میں محاذِ جنگ کے قریب واقع شہر کراماتورسک میں 2 افراد ہلاک ہوئے جب کہ جنوب مشرقی علاقے دنیپروپیٹرووسک میں بھی 2 افراد جان سے گئے۔
یوکرین کی وزارتِ توانائی کے مطابق روسی حملوں کے باعث بجلی سے محروم ہونے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کی بجلی جمعے کو بحال کر دی گئی ہے تاہم اب بھی بجلی سے محروم افراد کی تعداد واضح نہیں۔ شمال مغربی علاقے وولین میں، جو پولینڈ کی سرحد سے متصل ہے، روسی ڈرون نے غیر ملکی سرمایہ کاری والے ادارے کو نشانہ بنایا، جب کہ خوراک کی پراسیسنگ کے ایک کارخانے پر حملے میں ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔ وولین کے گورنر رومان رومانیوک کے مطابق، ڈرون حملے دن بھر جاری رہے، جب کہ علاقائی دارالحکومت لوتسک کے میئر آندری رازوموسکی نے فیس بک پر بتایا کہ شہر میں بجلی کی بندش کم از کم 24 گھنٹے جاری رہ سکتی ہے۔
رومانویوک کے مطابق، ڈرون حملوں میں کوویل شہر کے کسٹمز ٹرمینل کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں تقریباً 10 ٹرکوں میں آگ لگ گئی۔ کوویل، کیف سے پولینڈ جانے والی ایک اہم شاہراہ پر واقع ہے۔ حکام نے بتایا کہ روسی حملوں میں دو شاپنگ سینٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک محاذِ جنگ کے قریب شمالی شہر سومی اور دوسرا پڑوسی علاقے ریونے میں واقع ہے۔ توانائی کے نظام پر حملوں کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد کی بجلی منقطع ہونے کی اطلاع بھی دی گئی ہے، تاہم بجلی کی مجموعی بحالی کی صورتِ حال تاحال واضح نہیں۔