او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے ایرانی وزیر خارجہ بغداد پہنچ گئے

image


تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی عراق پہنچ گئے ہیں۔ وہ اعلیٰ سطحی سفارتی وفد کے ہمراہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 52ویں اجلاس میں شرکت کیلئے عراقی دارالحکومت بغداد پہنچ گئے ہیں۔ بغداد ایئرپورٹ پر عراق کے نائب وزیر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق او آئی سی کا 2 روزہ اجلاس بغداد میں منعقد ہو رہا ہے۔ 

عباس عراقچی اجلاس سے خطاب کریں گے اور مختلف اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہء خیال متوقع ہے۔ اس دورے کو اسلامی ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

بغداد پہنچنے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ نے لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی شہادت کے مقام پر حاضری دی۔ انہوں نے دونوں شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عباس عراقچی کا یہ دورہ او آئی سی اجلاس میں شرکت اور مختلف اسلامی ممالک کے نمائندوں سے رابطوں کے تناظر میں کافی اہمیت کا حامل ہے۔