مالدیپ کے صدر 20 اکتوبر سے پاکستان کا دورہ کریں گے
اسلام آباد : (نیوز ڈیسک) دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ خاتونِ اول، کابینہ کے وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔ دورے کے دوران صدر محمد معیزو کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ محدود سطح اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان مالدیپ بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع اور بحری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوگی۔ ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی بھی توقع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے کسی صدر کا گیارہ سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔