کسان اتحاد نے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا
ملتان: (بزنس ڈیسک) پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے حکومت سے ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بروقت فیصلے نہیں کرتی۔ ایک فصل کے نقصان سے اگلی تین فصلیں متاثر ہوتی ہیں اسی وجہ سے زراعت مسلسل زوال کا شکار ہے۔
خالد کھوکھر نے کہا کہ کسان کو پیداواری لاگت پر 25 فیصد منافع دیا جائے۔ آئی ایم ایف کی شرط کا کہہ کر فصلوں کا اچھا ریٹ نہیں دیا جاتا، گندم کا ریٹ 4500 روپے من مقرر ہونے کے باوجود عام آدمی کو گندم میسر نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گنے کی پیداوار اس سال 16 فیصد زیادہ اور ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ رہی، لیکن کاشتکار کو ابھی تک قیمت نہیں ملی، جس سے کسان شدید پریشان ہے۔
سال 2017ء میں بھی حکومت نے بروقت چینی برآمد نہ کر کے کاشتکاروں کا استحصال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں فوڈ سیکیورٹی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ حکومتیں زراعت پر سبسڈی دے رہی ہیں، جبکہ پاکستان میں آٹے پر سیاست کی جا رہی ہے۔