اردگان کا خطے میں بڑھتی کشیدگی پر اظہارِ تشویش
انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے انقرہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام سے اچھی خبریں موصول ہو رہی ہیں تاہم اسرائیل وہاں بھی افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے خطے میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور کشیدگی کو تشویش ناک قرار دیا ہے۔
ترکی کی انادولو نیوز ایجنسی کے مطابق اردگان نے کہا کہ خطہ بحرانوں کے ایسے طوفان کی زد میں ہے جس کی شدت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدوں پر دستخط ہونے کے باوجود فلسطین کے خلاف اس۔رائیلی جنگ جاری ہے، جبکہ ایران میں کشیدگی مکمل طور پر ختم ہونے سے پہلے یمن میں ایک نیا تنازع شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس اور یوکرین کی جنگ چند ماہ میں اپنے پانچویں سال میں داخل ہو جائے گی۔
ترک صدر نے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں پر بھی تشویش ظاہر کی اور سعودی عرب کو ترکی کا دوست اور ہمدرد ملک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں نے خطے میں کشیدگی کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان کے خطاب میں مشرقِ وسطیٰ کے مختلف تنازعات اور ان کے علاقائی اثرات بھی نمایاں رہے۔