یوکرین کے روس پر ایک ہزار سے زائد ڈرون حملے
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین نے روس کے مختلف علاقوں پر ایک ہزار سے زائد ڈرونز سے حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں تیل کی تنصیبات، گوداموں اور صنعتی مراکز میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 5 زخمی ہوئے جبکہ متعدد رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ان حملوں کو روس یوکرین جنگ کے دوران یوکرین کی بڑی فضائی کارروائیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر کے مطابق حملوں کے بعد شہر کے آئل ٹرمینل، روچی آئل ڈپو اور کولپنسکی ضلع کے صنعتی گوداموں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنی وی کے نے بتایا ہے کہ لینن گراڈ کے علاقے میں اس کے ڈیٹا سینٹر کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم صارفین کے لیے خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں۔ لینن گراڈ کے گورنر الیگزینڈر ڈروزڈینکو کے مطابق تقریباً 145 ڈرونز مار گرائے گئے ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق رات کے دوران روس کے 15 علاقوں، روس کے زیرِ قبضہ جزیرہ نما کریمیا اور بحیرہء اسود کے اوپر مجموعی طور پر 1,015 یوکرینی ڈرونز کو تباہ یا ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ حملوں کے باعث سینٹ پیٹرزبرگ کے مرکزی ہوائی اڈے پر بھی حفاظتی اقدامات کے تحت پروازوں کا آپریشن متاثر ہوا ہے۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سربراہی اجلاس کی تجویز سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔