سعودی عرب سے پاکستان کیلئے اضافی پروازوں کا اعلان
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی فضائی کمپنیوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش کے بعد متاثرہ مسافروں کیلئے پاکستان کے مختلف شہروں تک اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاض ایئر 21 اکتوبر کو جدہ سے لاہور اور اسلام آباد جبکہ 22 اکتوبر کو لاہور کے لیے اضافی پرواز چلائے گی۔ ان پروازوں کا مقصد فضائی سفری تعطل کے باعث مشکلات کا شکار مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب السعودیہ ایئر لائن نے بھی پاکستان کیلئے 2 اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سے پہلی پرواز 21 اکتوبر کو روانہ ہوگی جبکہ دوسری پرواز کی تاریخ بعد میں بتائی جائے گی۔ یہ پروازیں اسلام آباد اور پشاور جانے والے مسافروں کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ ایئرلائن کے مطابق اضافی پروازوں سے متاثرہ مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔
ریاض ایئر کے مطابق منسوخ شدہ پروازوں سے متاثر ہونے والے مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ دیگر ایئرلائنز کے ٹکٹ رکھنے والے مسافر بھی نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں سفر کر سکیں گے۔ چونکہ اضافی پروازوں میں نشستوں کی تعداد محدود ہے، اس لیے مسافروں کو بکنگ اور دیگر تفصیلات کیلئے ریاض ایئر کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔