بوئنگ 737 میکس 10 کو امریکی منظوری مل گئی

image


واشنگٹن: ( ویب ڈیسک) امریکی وفاقی ہوا بازی انتظامیہ (ایف اے اے) نے بوئنگ کے طویل عرصے سے زیرِ التواء مسافر طیارے 737 میکس 10 کو حتمی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اس کی فراہمی شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ روئٹرز کے مطابق، بوئنگ کو توقع ہے کہ اس ماڈل کا پہلا طیارہ اگلے سال کے آغاز میں کینیڈین ایئرلائن ویسٹ جیٹ کے حوالے کردیا جائے گا۔ اس طیارے میں زیادہ سے زیادہ 230 مسافر سفر کرسکتے ہیں، جبکہ کمپنی کو اب تک اس کے 1,550 سے زائد آرڈرز مل چکے ہیں۔

بوئنگ کو امید ہے کہ میکس 10 کی فراہمی اس کی مالی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی، تاہم منظوری میں تاخیر کے دوران یورپی حریف ایئربس کے اے 321 نیو نے بڑی گنجائش والے سنگل آئل طیاروں کی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھایا ہے۔ میکس 10 کے بڑے خریداروں میں یونائیٹڈ، الاسکا، رائن ایئر، ڈیلٹا اور امریکن ایئرلائنز شامل ہیں۔ 2018ء اور 2019ء میں 737 میکس 8 کے دو حادثات میں 346 افراد کی ہلاکت کے بعد بوئنگ کے طیاروں کی جانچ اور منظوری کا عمل سخت کردیا گیا تھا۔

ایف اے اے نے میکس 10 میں نظامِ پرواز اور حملے کے زاویے کی پیمائش کرنے والے سینسر سمیت اہم تکنیکی بہتریاں لازمی قرار دی ہیں، جنہیں آئندہ چند برسوں میں پہلے سے زیرِ استعمال طیاروں میں بھی شامل کیا جائے گا۔ انجنوں میں برف جمنے سے بچاؤ کے نظام اور نیویگیشن سافٹ ویئر کے مسائل نے بھی منظوری میں تاخیر کی، تاہم ایف اے اے نے سافٹ ویئر کی تازہ خرابی کو حفاظتی خطرہ قرار نہیں دیا۔ بوئنگ کو توقع ہے کہ کینیڈا اور یورپی یونین سے منظوری کا عمل چند ماہ میں مکمل ہوجائے گا، جبکہ کمپنی کی ٹیم کے بعض ارکان 777-9 کی منظوری پر کام کریں گے، جو مقررہ وقت سے چھ سال پیچھے ہے اور جس کی منظوری و فراہمی 2027ء میں شروع ہونے کی امید ہے۔