ٹرمپ انتظامیہ کی ملک میں امیگریشن کے خلاف سخت ترین کارروائیاں

image


واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے اپنے دوسرے دور میں اب تک 3 لاکھ سے زائد امریکی ویزے منسوخ کر دیئے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کی جا رہی ہے۔ ترجمان ٹومی پیگوٹ کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ویزے اس سے پہلے کبھی اتنی تیزی سے منسوخ نہیں ہوئے۔ 

10 اگست کو جاری کردہ اپڈیٹ میں یہ تعداد 1 لاکھ 75 ہزار تھی جو اب 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا موقف ہے کہ اس سخت مہم کا مقصد امریکی عوام کی سلامتی ہے۔ جو بھی غیر ملکی ویزے پر رہ کر قانون توڑے گا، فراڈ کرے گا یا سلامتی کو نقصان پہنچائے گا، اس کا ویزا ختم کر دیا جائے گا۔

دوسری طرف انسانی حقوق کی تنظیمیں اس پر سخت تنقید کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پالیسی سے اقلیتوں میں خوف پھیل رہا ہے اور آزادیِ رائے دبائی جا رہی ہے۔ خاص طور پر غزہ جنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطین حامی طلبہ اور سوشل میڈیا پر تبصرے کرنے والوں کے ویزے منسوخ کرنے پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔