ملک بھر میں جعلی فلو ویکسین کی سپلائی کا انکشاف، ڈریپ کا ہنگامی الرٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر کی میڈیسن مارکیٹوں میں انفلوئنزا سے بچاؤ کی جعلی ویکسینز کی فراہمی کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ہنگامی الرٹ جاری کردیا ہے۔ ڈریپ کے مطابق انفلو ویک ٹیٹرا اور ویکسی گرپ ٹیٹرا کے بعض بیچز جعلی قرار پائے ہیں، جن کے نام معروف دوا ساز کمپنیوں ایبٹ بائیولوجیکلز اور سنوفی ونتھراپ سے منسوب کیے گئے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ان ویکسینز کا معیار، محفوظ ہونے اور مؤثریت کی تصدیق نہیں ہوسکی، لہٰذا ان کا استعمال انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
ڈریپ کے جاری کردہ پراڈکٹ الرٹ کے مطابق ویکسی گرپ ٹیٹرا انفلوئنزا ویکسین کا بیچ نمبر Y4B34 جعلی ہے، کیونکہ یہ بیچ پاکستان میں درآمد ہی نہیں کیا گیا، جبکہ لاہور میں سپلائی ہونے والی انفلو ویک ٹیٹرا ویکسین کا بیچ نمبر P13 بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سنوفی کے پاکستانی ڈسٹری بیوٹر نے جعلی ویکسین کی فراہمی سے متعلق اطلاع دی تھی، جس کے بعد معاملے کی نشاندہی کی گئی۔ ڈریپ نے ڈاکٹروں، فارمیسیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی ہے کہ مشتبہ ویکسینز کی خریدوفروخت اور استعمال فوری طور پر روک کر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
ڈریپ نے صوبائی ڈرگ کنٹرول حکام اور فیلڈ فورس کو جعلی ویکسین کے مذکورہ بیچز فوری ضبط کرنے اور سپلائی چین کی مکمل تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ طبی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ جعلی ویکسین کے ممکنہ مضر اثرات کی اطلاع نیشنل فارماکوویجیلنس سینٹر کو دی جائے تاکہ عوامی صحت کو لاحق خطرات کا بروقت جائزہ لیا جاسکے۔ شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ فلو ویکسین خریدنے سے پہلے مستند فارمیسی، رجسٹرڈ طبی مراکز اور پیکنگ کی تصدیق کریں، جبکہ مشتبہ ویکسین استعمال کرنے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
#HealthNews
#1stNov2026
#FakeFluVaccine
#DRAPAlert
#VaccineSafety
#PublicHealthAwareness
#TVN
#TVNNews
#TVNUrdu
#TVNHealth
#TheViewsNetwork