چین کا برطانوی سائبر رپورٹ پر سخت ردعمل، الزامات مسترد
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے برطانیہ کی جانب سے جاری کی گئی سائبر سیکیورٹی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ بے بنیاد الزامات سے گریز کرے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی نیشنل سائبر سکیورٹی سینٹر نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ 2028 تک چین اور روس سمیت دیگر ممالک اپنے جغرافیائی سیاسی مقاصد کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی سائبر کارروائیوں کا استعمال معمول بنا لیں گے، جس سے برطانیہ کو سائبر حملوں کی تعداد اور شدت میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ چین اہم قومی بنیادی ڈھانچے اور تزویراتی اہداف کے خلاف مصنوعی ذہانت کے ذریعے کارروائی کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ برطانیہ طویل عرصے سے سائبر سیکیورٹی کے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہا ہے۔
ترجمان ماؤ ننگ نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ برطانیہ شواہد کے بغیر قیاس آرائیوں پر مبنی زبان استعمال کر کے چین کو بدنام کر رہا ہے، جس پر بیجنگ کو شدید تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن ایک بار پھر ہیکنگ کے پرانے بہانے سے چین کی مصنوعی ذہانت کی ترقی کو روکنے کے لیے نئی پابندیاں لگانے کی کوشش کر رہا ہے جو کہ گمراہ کن طرز عمل ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ، امریکا اور نیوزی لینڈ سمیت کئی ممالک گزشتہ دس برسوں سے چین پر سائبر حملوں کے الزامات لگاتے آئے ہیں، جنہیں بیجنگ سختی سے مسترد کرتا آیا ہے۔
#InternationalNews
#4thNov2026
#China
#UK
#CyberSecurityReport
#ArtificialIntelligence
#MaoNing
#TVN
#NEWS
#TVNNews
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork