ایران کا 6 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے بین البراعظمی میزائل بنانے کا اعلان
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل حیات مقدم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران 6 ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق وزارتِ دفاع اور پاسدارانِ انقلاب مشترکہ طور پر ایسے میزائل تیار کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں وزیرِ دفاع سے باضابطہ درخواست بھی کی جا چکی ہے۔
جنرل حیات مقدم کا کہنا تھا کہ ایران کے نئے بیلسٹک میزائل براہِ راست امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر ان کی رینج بڑھا کر 15 ہزار کلومیٹر تک بھی کی جا سکتی ہے۔ تاہم یہ بیان ایران کی جانب سے میزائل تیاری کی صلاحیت سے متعلق دعوے پر مبنی ہے، کسی تیار شدہ میزائل کے عملی تجربے کی تصدیق نہیں۔
ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایٹمی بم کی تیاری فی الحال قومی سلامتی کمیشن کے سرکاری ایجنڈے میں شامل نہیں اور اس معاملے پر کوئی باضابطہ کارروائی نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق جوہری ہتھیار بنانے یا اس سمت میں کسی بھی قدم کے لیے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی باضابطہ اجازت اور فتویٰ ضروری ہوگا۔