تنہائی کا خاتمہ، اب روبوٹ بنے گا آپ کا بہترین دوست
v
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) امریکا کی ایک روبوٹ بنانے والی کمپنی ریئل بوٹکس نے 4 نئے انسان نما روبوٹ لانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان روبوٹس کے نام آریا، میلا، ڈیو اور ایمر رکھے گئے ہیں۔ یہ روبوٹ مصنوعی ذہانت کی مدد سے لوگوں سے بات کر سکیں گے اور اکیلے رہنے والے لوگوں کے لیے اچھے دوست ثابت ہوں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ روبوٹ کو سستا بنانے کے لیے ابھی صرف اس کے اوپر والے حصے پر کام کیا گیا ہے۔ ان کے ہاتھ پاؤں نہیں ہوں گے، اس لیے یہ صرف میز یا بینچ پر رکھے جا سکیں گے۔
ان چھوٹے روبوٹس کی قیمت 11 ہزار 950 ڈالر رکھی گئی ہے، جبکہ پورے جسم والے روبوٹ کی قیمت 59 ہزار 950 ڈالر ہوگی۔ اپنی پسند کا روبوٹ بک کرانے کے لیے صارفین کو 199 ڈالر دینا ہوں گے۔ کمپنی کے مطابق ان روبوٹس کو جنوری 2027ء میں لاس ویگاس میں ہونے والی بڑی ٹیکنالوجی نمائش سی ای ایس میں دکھایا جائے گا۔ کمپنی کو امید ہے کہ روبوٹس کی فراہمی 2027ء میں شروع ہو جائے گی۔
پہلے مرحلے میں صرف 225 میز والے روبوٹ اور 25 پورے جسم والے روبوٹ بنائے جائیں گے۔ روبوٹ خریدنے کے بعد اس سے بات کرنے کے لیے ہر مہینے پیسے بھی دینا ہوں گے۔ سب سے سستا پیکیج 19.99 ڈالر مہینہ ہے، جس میں روبوٹ سے 10 گھنٹے بات کی جا سکے گی۔ 39.99 ڈالر والے پیکیج میں 40 گھنٹے بات چیت کے ساتھ مختلف آوازیں، زبانیں اور لہجے منتخب کیے جا سکیں گے، جبکہ 199 ڈالر مہینہ والے پیکیج میں 100 گھنٹے بات چیت اور اپنی مرضی کا اے آئی کردار بنانے کی سہولت بھی ملے گی۔
کمپنی کے مطابق ان روبوٹس میں چیٹ جی پی ٹی، کلاؤڈ اور جیمنی سمیت کئی اے آئی ٹیکنالوجیز استعمال ہو سکیں گی۔ ان کے سر اور چہرے ہل سکیں گے اور ہر روبوٹ کی عادت دوسرے سے الگ ہوگی۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق خواتین روبوٹس کو خیال رکھنے والی اور اچھے سے بات سننے والی بنایا گیا ہے، جبکہ مرد روبوٹس کو حاضر جواب اور صحت کا خیال رکھنے والا بتایا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ انسانوں کی جگہ نہیں لیں گے بلکہ ان کی مدد کریں گے۔ کمپنی کا مقصد ایسے روبوٹ بنانا ہے جو لوگوں سے بات کر سکیں اور ان کی تنہائی کم کر سکیں۔ کمپنی کے مطابق ابھی یہ روبوٹ صرف امریکا میں دیے جائیں گے۔ ان کی ڈیلیوری 2027ء کے دوسرے حصے میں متوقع ہے، جس کے لیے صارفین کو الگ سے پیسے بھی دینا ہوں گے۔ اگر کمپنی روبوٹ بنانے میں ناکام رہی تو صارفین کے 199 ڈالر واپس کر دیے جائیں گے۔ لیکن اگر صارف خود آرڈر ختم کرے گا تو اس کی رقم واپس نہیں ملے گی۔