11ویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی 2026ء: خواتین کی دونوں کیٹیگریز میں دینا پٹیل اور عائلہ ملک فاتح قرار

image


مظفرگڑھ: (اسپورٹس ڈیسک) 11ویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی 2026ء میں خواتین کی دونوں اہم کیٹیگریز کے مقابلوں کے نتائج سامنے آ گئے۔ پریپیئرڈ خواتین کیٹیگری میں دینا پٹیل نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے میدان مار لیا، جبکہ اسٹاک خواتین کیٹیگری میں پاکستان کی نوجوان ریسر عائلہ ملک فاتح قرار پائیں۔

اسٹاک خواتین کیٹیگری میں عائلہ ملک نے شاندار ڈرائیونگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 کلومیٹر کا مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ 52 منٹ میں مکمل کیا۔ مقابلے میں عنبرین فراز اور سیدہ راحت ریاض نے بھی حصہ لیا۔ خواتین ریسرز نے تھل کے مشکل اور ریتلے ٹریک پر اپنی مہارت اور حوصلے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب مقابلے کے دوران چوبارہ کے قریب ایک موڑ پر معروف ریسر عنبرین فراز اور ان کی بیٹی عمیمہ کی گاڑی الٹ گئی، جس کے باعث وہ ریس مکمل نہ کر سکیں۔ خوش قسمتی سے دونوں محفوظ رہیں، تاہم انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔ تھل جیپ ریلی میں خواتین ریسرز کی شرکت اور نمایاں کامیابیوں نے ایونٹ کی رونقوں کو مزید بڑھا دیا۔