آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ
تہران: (ویب ڈیسک) خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ صبح سے اب تک تین آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جو ایران کی اجازت کے بغیر مقررہ بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متاثرہ جہاز آبنائے ہرمز میں غیر قانونی بحری راستے پر سفر کر رہے تھے اور وہاں موجود سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
ایرانی حکام نے تاحال متاثرہ آئل ٹینکرز کے نام، ملکیت اور قومی شناخت ظاہر نہیں کی، جبکہ جہازوں کے عملے اور کسی ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں بھی معلومات سامنے نہیں آئیں۔ ایران نے جہازوں کی نقل و حرکت کے لیے اپنے منظور شدہ بحری راستوں پر عمل درآمد پر زور دیا ہے، دوسری جانب امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل منتقل کیا جاتا ہے۔ اس آبی راستے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے عالمی توانائی کی ترسیل اور تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جبکہ خطے کی صورتحال پر عالمی منڈیوں کی نظریں بھی مرکوز ہیں۔
#InternationalNews
#8thNov2026
#StraitOfHormuz
#Iran
#OilTankers
#IRGC
#OilSupply
#InternationalWar
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork