راستہ دیکھتی ہے مسجدِ اقصٰی تیرا
یوں تو دنیائے عالم اپنے بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی اور فراوانی کے لئے باہم تعلقات کو مختلف مفادات کی نظر سے دیکھتے ہیں البتہ ایک نظام وہ بھی رائج رہا ہے جب ہمارے پیارے آقا پاک حضرت محمد مصطفٰی احمد مجتبی'ﷺ نے ہر عام و خاص کے لئے برابری کی سطح پر اصول و انصاف پرمبنی ریاستِ مدینہ قائم فرمائی۔ اُس وقت بھی نہ صرف مقامی عوامی باہمی روابط بلکہ سفارتی و اندرونی و بیرونی مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام سے انصاف کی بنیادوں پر تعلقات استوار رکھے۔ اگر کہیں کچھ بُرا دکھائی دیتا تو معاملے کی نوعیت کےمطابق حکمت سے بھرپور فیصلے کیے جاتے ریے۔ ایسے ماحول میں نہ صرف مسلم قوم بلکہ غیر مسلم اور مختلف مذاہب کے ماننے والے بھی پُرامن طریقے سے زندگی بسر کرتے رہے۔
حالات و واقعات کے پیشِ نظر اُس وقت کے عوام کے مابین سماجی تعلقات رفتہ رفتہ بہتر سے بہترین ہوتے گئے۔ امن کی ایک ایسی فضاء قائم فرما دی گئی کہ کسی کو کسی سے اگر کوئی شکایت ہوتی تو وہ خوش اُسلوبی کے ساتھ اول تو معاملے کو خود ہی مل بیٹھ کر سُلجھا دیا کرتے۔ لیکن جہاں یہ لگتا کہ عوامی آپسی معاملات میں اپنے طور پر کیا جانے والا فیصلہ حق پرمبنی نہ سمجھا جائے گا تو مسئلے کے حل کے لئے منصف کے حضور معاملے کی تفصیل کو پیش کیا جاتا۔ بعدازاں اُس کا بہترین حل سزا و جزا کی صورت میں سنا دیا جاتا۔ حقدار کو اس کا حق مل جایا کرتا رہا۔ حق اور حق والوں کی موجودگی کی فضاء اِس قدر رائج تھی کہ کسی کے حق میں فیصلہ سنایا جاتا یا مخالف، دونوں صورتوں میں فریقین مطمئن ہوتے اور آپسی تعلقات کو مزید بہتر کرنے اور رکھنے کی تمنا و عزم کا اظہار کیا کرتے۔
البتہ جہاں ظلم و ستم کیا جاتا وہاں پر جہاد کا فیصلہ سنا کر جنگ بھی کی جاتی۔ رب تعالیٰ نے ظلم سے پاک فضاء قائم رکھنے کی طرف توجہ دِلوائی۔ فرمان مبارک ہے ”اگر کوئی کافر ہے تو اُس کے ساتھ مت لڑو بلکہ جہاں ظالم کے ظلم کا نظام موجود ہو اُس نظام کو ختم کرنے کے لئے ظالموں کے خلاف لڑو“۔ یہاں جس نکتے کی طرف توجہ درکار ہے وہ اعلیٰ حکمتِ عملی کے کیے جانے والے نہایت اہم فیصلے ہیں۔ جن میں سب سے پہلے سب سے ضروری حل طلب مسئلے یا معاملے کے حل کے لئے یقیناً اندرونی و بیرونی کاوشیں بروئے کار لانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہوں گی۔
جو موضوع ناچیز نے چنا ہے اُس کا اشارہ حضرت علامہ اقبال صاحبؒ نے آقا پاکﷺ کی طرف کیا تھا۔ یقیناً یہ دعائیہ موضوع کسی اور کی طرف منسوب کیا جا بھی نہیں سکتا۔ البتہ حصولِ برکت کے لئے اِس سے ایک پیغام اخذ کیا جا سکتا ہے کہ جہاں پہ ظلم و ستم کا بازار گرم ہو اُس جگہ سب سے ذیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یقیناً اِس وقت وہ جگہ غ-ز-ہ و ف-ل-س-ط-ی-ن ہے۔ کیونکہ وہ پاک سرزمین ایمان والوں کو مخاطب کرتے ہوئے بار بار پکار رہی ہے۔ تب تک کہ جب تک اُمتِ مسلمہ ایک نہیں ہو جاتے وہاں کے عوام بنیانِ مرصوص کا پیکر بنتے ہوئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے۔ یہ عوام وہ خاص الخاص عوام ہے کہ جو پیدا ہی اس وقت کے لئے ہوئے۔ یہ وقت مومنین کو جھنجوڑنے اور جگانے کے لئے اُن کے سامنے لایا گیا ہے۔
یہی وہ وقت ہے کہ جس وقت کو اگر بروقت اور حکمت سے سرشار ہوتے ہوئے کیش نہ کیا گیا تو حق اور باطل کے درمیان فیصلہ نہیں ہو پائے گا۔ حال ہی میں ف-ل-س-ط-ی-ن کے اندر ایک واقع رونما ہوا جس کی گواہ اب ساری دنیا ہے۔ یہ ہرگز مت سمجھا جائے کہ قانونِ فطرت کسی کے حق میں فیصلہ دے گی اور حق پرمبنی فیصلہ نہ ہوگا بلکہ اعلیٰ نظامِ قدرت رب تعالیٰ کی ذات کے سِوا کسی بھی طاقت کی محتاج نہیں۔ وہ ذات جو جس سے چاہے اپنے نظام اور فطرت کے لئے کام لے سکتی ہے۔ چائنہ اُس کی ایک حالیہ مثال ہے۔
یہ وقت بہترین موقع لے کر اُن کی جھولی میں خیر کو اُتار گیا ہے۔ کیا مسجدِ اقصیٰ ہماری راہ بھی نہیں دیکھ رہی؟ کیا جس قوم سے توقع تھی اور رہے گی وہ قوم کسی للکار کے انتظار میں ہے؟ امتِ مسلمہ صرف ایک اشارے کی منتظر نظر آتی ہے۔ ازل سے جو ترتیب مومنین نے تاریخ میں درج کراتے ہوئے ہم تک پہنچائی ہے اُس کے پیشِ نظر یہ کہا جا سکتا ہے کہ جس کا راستہ مسجدِ اقصیٰ دیکھ رہی ہے وہ لبیک کہتے ہوئے قطار در قطار خود کو تیار رکھے ہوئے ہیں۔ ممکن ہے شاید کہ حکمِ خداوندی کے منتظر لوگوں میں قطاریں مزید بڑھ رہی ہوں۔ تب ہی اعلانِ معرکہ حق و باطل تاخیر کا شکار ہو رہا ہو۔
سوچنا اور سمجھنا صرف یہ ہے کہ کیا ہمیں لگتا ہے کہ ہم اُن میں سے ایک ہیں یا صرف دل کو تسلی دے رکھی ہے کہ ہم ایک ہیں۔ اگر ہم واقعی ایک ہیں تو خود سے سوال پوچھیں کہ خود کو اُس معرکہ کے لئے کتنا تیار رکھا ہوا ہے؟ کیونکہ مسجدِ اقصیٰ ہر اُس شخص کا ہی راستہ دیکھ رہی ہے جو سچ میں کچھ بہترین کرنے کے عزم اور حوصلے کو بلند رکھے ہوئے ہیں۔ جو خود کو اُس پاک سرزمین کے تحفظ اور تقدس کو ہرممکن کوشش سے کامیابی کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں وہ آج اور ابھی سے فیصلہ کر لیں کہ کس طرف جانا ہے؟ حق پر رہتے ہوئے جان قربان کرکے حق کے ساتھ امر ہونا ہے یا باطل کے ساتھ ہمیشہ کے لئے خود کو مٹانا ہے؟
.