بنگلہ دیش میں بھارتی شہری گرفتار
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کے سیکیورٹی اداروں نے دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے اُترہ میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی شہری ربیع الاسلام کو گرفتار کر لیا ہے۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ملزم کا تعلق بھارتی ریاست مغربی بنگال سے ہے اور اس پر غیر ملکی خفیہ ایجنسی سے روابط کا الزام ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم بنگلہ دیش کے بار بار دوروں کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کر سکا۔ اس کے بھارتی پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ پر درج تاریخ پیدائش میں بھی تضاد سامنے آیا ہے۔ ملزم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ ڈھاکہ میں گارمنٹس کے کاروبار کے سلسلے میں مقیم تھا، تاہم سیکیورٹی ادارے اس کے مبینہ جاسوسی روابط کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ماضی میں بھی بھارتی شہریوں کو بنگلہ دیش میں جاسوسی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا جا چکا ہے۔ دسمبر 2019ء میں بھی بنگلہ دیشی پولیس نے متعدد افراد کے خلاف حساس معلومات مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کو فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں کی آڑ میں مبینہ جاسوسی کے واقعات خطے کی سیکیورٹی صورتحال کیلئے تشویش کا باعث ہیں۔