روبوٹ نے پہلی بار انسان کے بغیر خلا میں ڈھانچہ تیار کر لیا
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) خلا میں بڑی مشینیں بھیجنا بہت مشکل اور بہت مہنگا کام ہے لیکن اب سائنس دانوں نے اس کا نیا اور آسان حل نکال لیا ہے۔ امریکہ کے ادارے ڈارپا کی مدد سے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں نے ایک ایسا روبوٹ بنایا ہے جس نے خلا میں چھوٹے چھوٹے پرزے جوڑ کر ایک ڈھانچہ بنا لیا ہے۔سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ خلا میں کسی روبوٹ نے خود سے کوئی ڈھانچہ جوڑا ہو۔ اس منصوبے کا نام "اسٹرا" رکھا گیا ہے، اس منصوبے کا مقصد خلا میں پرزے جوڑ کر ایک بڑا انٹینا بنانا تھا۔
روبوٹ کو دھاتی جوڑوں، مضبوط ٹیوبوں اور خاص چمکدار فلم کی مدد سے 1.4 میٹر چوڑا انٹینا بنانا تھا۔ وقت کم ہونے کی وجہ سے روبوٹ پورا انٹینا تو نہیں بنا سکا، لیکن اس نے پہلے سے بنے دو حصوں کے ساتھ تیسرا حصہ کامیابی سے جوڑ دیا۔ یہی اس کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ ڈارپا کے پروگرام مینیجر اینڈریو ڈیٹور کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ مستقبل میں خلا میں کئی کلومیٹر بڑے ڈھانچے بنانے کی طرف ایک بہت بڑا قدم ہے۔ آج کے دور میں اتنا بڑا ڈھانچہ بنانا ممکن ہی نہیں ہے۔ اس منصوبے کا اصل مقصد یہ ہے کہ آئندہ بڑی چیزیں زمین سے بنا کر خلا میں بھیجنے کے بجائے ان کے چھوٹے پرزے خلا میں بھیجے جائیں اور وہاں روبوٹ ان کو جوڑ کر تیار کر لے۔
اس طریقے سے مستقبل میں بڑے انٹینا، دوربینوں اور شمسی توانائی کے پینل خلا میں ہی بنائے جا سکیں گے۔ اس سے بڑی اور بھاری چیزیں خلا میں بھیجنے کا خرچہ بھی بہت کم ہو جائے گا۔ ڈارپا کا کہنا ہے کہ اس کو بچوں کے کھلونوں کی طرح سمجھیں، جن کے چھوٹے حصے جوڑ کر بڑی چیز بنا لی جاتی ہے۔ روبوٹ نے پرزے خود جوڑے، لیکن زمین پر موجود انجینئرز بھی اس کی مدد کر رہے تھے۔ وہ دن میں چند بار صرف 15 منٹ کیلئے روبوٹ سے رابطہ کرتے تھے۔ وہ روبوٹ کی بھیجی ہوئی تصویریں دیکھتے، اپنی لیبارٹری میں مسئلہ حل کرتے اور پھر روبوٹ کو اگلی ہدایت دیتے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بنانے میں کینیڈا کے روبوٹ کینیڈارم 2 نے مدد کی تھی، لیکن وہ زمین سے بنے بڑے حصوں کو صرف اپنی جگہ پر رکھتا تھا۔ 2014ء میں خلائی اسٹیشن پر تھری ڈی پرنٹر نے اپنا ایک پرزہ خود بنایا تھا۔ ناسا نے بھی اسی طرح کے منصوبے پر کام کیا تھا، لیکن وہ منصوبہ 2023ء میں ختم کر دیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ٹیکنالوجی اور بہتر ہو گئی تو آنے والے وقت میں بڑے خلائی اسٹیشن، انٹینا اور شمسی توانائی کے نظام زمین پر بنانے کے بجائے خلا میں ہی تیار کیے جا سکیں گے۔ اس سے انسانوں کو بار بار خلا میں بھیجنے کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔