چین کی 40 منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے صوبہ شانشی کے دارالحکومت تائی یوان میں اتوار کی شام ایک مصروف شاہراہ پر واقع 40 منزلہ عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ عمارت کے نچلے حصے میں قائم ایک اضافی حصے سے شروع ہوئی اور تیزی سے اوپری منزلوں تک پھیل گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ چوتھی منزل سے 8ویں اور 9ویں منزل تک پہنچ گئی جہاں ہوٹل بھی قائم تھے۔
اس افسوسناک واقعے میں 14 افراد ہلاک جبکہ 38 زخمی ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں عمارت سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے تھے جبکہ فائر فائٹرز کرینوں کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف تھے۔ حکام کے مطابق عمارت میں ہوٹلوں، کرائے کے اپارٹمنٹس، کاروباری مراکز اور تعلیمی اداروں سمیت مختلف تجارتی و رہائشی سہولیات موجود تھیں۔
ریسکیو ٹیموں نے تقریباً دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں اتوار کی رات ساڑھے 8 بجے تک مکمل کر لی گئی تھیں۔ آتشزدگی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 38 افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ چینی حکام نے واقعے کی وجوہات اور آگ لگنے کے اسباب جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔