ساؤتھ ایئر کی پشاور، لاہور کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع

image


پشاور: ( نیوز ڈیسک) پاکستانی نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس روٹ پر ابتدائی طور پر ہفتے میں چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جبکہ دونوں شہروں کے درمیان فضائی سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہوگا۔ پہلی پرواز کی روانگی کا وقت آج دوپہر ایک بج کر 10 منٹ مقرر کیا گیا تھا۔

نئے فضائی رابطے سے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت میسر آئے گی اور طویل زمینی سفر کے بجائے کم وقت میں دونوں شہروں تک رسائی ممکن ہوگی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 9 نومبر سے اس روٹ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ براہِ راست پروازوں سے بالخصوص پشاور کے شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس سے قبل پشاور سے کوئٹہ کیلئے فضائی سروس شروع کی گئی تھی، جس کے بعد لاہور کے ساتھ فضائی رابطے کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔

ساؤتھ ایئر اپنے فضائی نیٹ ورک کے ذریعے اسلام آباد، کراچی، سکھر، بہاولپور، رحیم یار خان، کوئٹہ، گوادر، پنجگور اور تربت سمیت مختلف شہروں کے درمیان پروازیں چلا رہی ہے، جبکہ لاہور سے بہاولپور اور رحیم یار خان کے بعد پشاور کیلئے بھی سروس شروع کر دی گئی ہے۔ محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کے مطابق پیر کے روز کے پی ہاؤس اسلام آباد میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین اور ساؤتھ ایئر کی انتظامیہ نے شرکت کی۔