ذیابیطس صرف شوگر نہیں بڑھاتی، دل کو بھی لاحق ہوسکتے ہیں 7 سنگین خطرات

image


اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ٹی وی این کے مطابق ذیابیطس ایک ایسا مرض ہے جو صرف خون میں شوگر کی سطح بڑھانے تک محدود نہیں بلکہ دل، خون کی نالیوں اور گردوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں میں دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے صرف شوگر کنٹرول کرنا کافی نہیں بلکہ دل کی صحت پر بھی خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔

ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے دل کے 7 بڑے خطرات کی نشاندہی کی ہے، جن میں ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول میں خرابی، خون میں نقصان دہ چکنائی کے ذرات میں اضافہ، خون کی نالیوں کو نقصان، گردوں کی کارکردگی متاثر ہونا، پیٹ پر چربی اور موٹاپا جبکہ سگریٹ نوشی، جسمانی سرگرمی کی کمی اور نیند کی کمی شامل ہیں۔ یہ عوامل مل کر دل کی بیماریوں کے امکانات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں کو باقاعدگی سے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور گردوں کے ٹیسٹ کروانے چاہئیں۔ متوازن غذا، روزانہ چہل قدمی، مناسب نیند، وزن پر قابو اور سگریٹ نوشی سے پرہیز دل اور گردوں کی صحت بہتر رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری یا اچانک کمزوری کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔