مضبوط اور صاف ستھرے دانتوں کے لیے 6 بہترین غذائیں
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دانتوں کی صفائی اور مضبوطی کا تعلق صرف روزانہ برش کرنے سے نہیں بلکہ ہماری خوراک سے بھی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق چینی سے بھرپور غذائیں، مٹھائیاں اور سافٹ ڈرنکس دانتوں میں کیڑا لگنے اور سڑن کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔ متوازن غذا دانتوں اور مسوڑھوں کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق پنیر اور دہی کیلشیم اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں، جو دانتوں کی مضبوطی کے لیے مفید ہیں، جبکہ پالک اور دیگر ہری پتوں والی سبزیاں دانتوں کی بیرونی حفاظتی تہہ کو مضبوط رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ سیب میں موجود پانی اور فائبر چبانے کے دوران لعاب کی مقدار بڑھاتے ہیں، جس سے منہ میں موجود بیکٹیریا اور خوراک کے ذرات صاف کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
گاجر میں فائبر اور وٹامن اے جبکہ بادام میں کیلشیم اور پروٹین پایا جاتا ہے، جو دانتوں کی صحت کے لیے مفید غذائی اجزا ہیں۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ دن میں دو مرتبہ فلورائیڈ والے ٹوتھ پیسٹ سے برش کریں، میٹھی اشیا اور سافٹ ڈرنکس کا استعمال محدود رکھیں اور دانتوں کے درمیان صفائی کے لیے فلاس استعمال کریں۔ یاد رہے کہ اچھی خوراک کے ساتھ دانتوں کی باقاعدہ صفائی بھی ضروری ہے۔