سردیوں میں دمے کے مریض ورزش کیسے کریں؟ ماہرین کی اہم ہدایات
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سردیوں کی آمد کے ساتھ فضائی آلودگی اور ٹھنڈی و خشک ہوا دمے کے مریضوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق دمے کے مریضوں کی سانس کی نالیاں پہلے ہی حساس ہوتی ہیں، ایسے میں سرد ہوا پھیپھڑوں تک پہنچنے سے سانس کی نالیوں میں سکڑاؤ پیدا ہو سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں کھانسی، سانس لینے میں دشواری، سینے میں جکڑن اور سانس کے ساتھ سیٹی جیسی آواز آنے کی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق سرد موسم میں ورزش کرتے ہوئے اچانک سخت جسمانی سرگرمی شروع کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور ورزش سے پہلے ہلکی پھلکی سرگرمی کے ذریعے جسم کو تیار کرنا ضروری ہے۔ باہر ورزش کے دوران ناک اور منہ کو مناسب کپڑے سے ڈھانپنے اور جہاں ممکن ہو ناک کے ذریعے سانس لینے کی کوشش کرنی چاہیے۔ شدید سردی یا فضائی آلودگی کی صورت میں گھر کے اندر ورزش کرنا زیادہ مناسب ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دمے کے مریضوں کو ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات اور انہیلر کا باقاعدگی سے استعمال جاری رکھنا چاہیے اور طبی مشورے کے بغیر علاج بند نہیں کرنا چاہیے۔ مناسب احتیاط اور علاج کے ذریعے سردیوں میں بھی جسمانی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکتی ہیں۔ تاہم ورزش کے دوران سانس کی شدید تکلیف یا سینے میں زیادہ جکڑن محسوس ہو تو فوراً ورزش روک کر طبی مدد حاصل کرنی چاہیے۔