امریکا میں دنیا کی پہلی زہریلی اور نشہ آور کھمبی دریافت، سائنس دان بھی حیران

image

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے دلدلی علاقوں میں سائنس دانوں نے کھجور کے درختوں کے تنوں پر اگنے والی ایک غیر معمولی بھوری کھمبی دریافت کی ہے، جسے ڈارک میجک مشروم کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا سائنسی نام گیلرینا انڈیکا (Galerina indica) ہے۔ اسے اپنی نوعیت کی پہلی معلوم کھمبی قرار دیا جا رہا ہے جس میں بیک وقت نشہ آور اور انتہائی زہریلے مرکبات پائے گئے ہیں۔

یونیورسٹی آف فلوریڈا کے محققین کے مطابق اس کھمبی میں سائیلوسائبن (Psilocybin) اور امیٹوکسِنز (Amatoxins) نامی مرکبات موجود ہیں۔ سائیلوسائبن انسانی دماغ پر اثر انداز ہوکر سوچنے، محسوس کرنے اور چیزوں کو دیکھنے کے انداز میں تبدیلی پیدا کرسکتا ہے، جبکہ امیٹوکسِنز انتہائی خطرناک زہر ہیں جو جان لیوا زہر خورانی کا سبب بن سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق یہ کھمبی 2025ء میں دریافت ہوئی تھی اور اس کی غیر معمولی کیمیائی خصوصیات پر مزید تحقیق جاری ہے۔ سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ اس جیسی زہریلی کھمبیوں کی شناخت کرنا مشکل ہے، حتیٰ کہ تربیت یافتہ ماہرین بھی ان میں فرق کرنے میں دشواری محسوس کرسکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نامعلوم کھمبیاں ہرگز نہ کھائیں کیونکہ بظاہر معمولی دکھائی دینے والی کھمبیاں بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہیں۔