برنی سینڈرز کا ایران جنگ پر بڑا الزام، امریکی عوام سے جنگ کی وجوہات چھپانے کا دعوی'
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ایک پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے برنی سینڈرز نے کہا کہ ویتنام، عراق اور ایران کی جنگیں جھوٹ پر مبنی تھیں۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف جنگ اس الزام کی بنیاد پر شروع کی گئی کہ ایرانی حکومت امریکا پر حملے کی تیاری کر رہی تھی، تاہم انہوں نے اس مؤقف کے جواز پر سوالات اٹھائے۔
امریکی سینیٹر نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ وہ گزشتہ 40 برس سے مختلف امریکی صدور کو ایران کے خلاف جنگ پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سینڈرز کے مطابق ایران کے خلاف کارروائی کا بنیادی محرک اسرائیل کا دباؤ ہے، جس کا مقصد ایران کو غیر مستحکم اور کمزور کرنا ہے۔
برنی سینڈرز نے امریکی فوجی اخراجات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا چھ ممالک کے مجموعی دفاعی بجٹ سے زیادہ رقم اپنی فوج پر خرچ کرتا ہے۔ اس کے باوجود پینٹاگون کھربوں ڈالر کے اخراجات کا مکمل حساب پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کے یہ بیانات ایران جنگ کے حوالے سے امریکی پالیسی اور دفاعی اخراجات پر جاری بحث کو مزید نمایاں کرتے ہیں۔