انسانی تاریخ میں دوسری بار مشن بیپی کولمبو عطارد کے مدار میں پہنچ گیا

image


ٹوکیو:‏ ( ٹیکنالوجی ڈیسک) بیپی کولمبو یورپی خلائی ایجنسی (ESA) اور جاپانی خلائی ایجنسی (JAXA) کا مشترکہ منصوبہ ہے، جس پر تقریباً ایک ارب 60 کروڑ یورو لاگت آئی ہے۔ اس سے قبل امریکی خلائی ادارے ناسا کا ایک مشن 2011 سے 2015 تک عطارد کے مدار میں رہ کر تحقیق کر چکا ہے۔ نئے مشن کے ذریعے سائنسدان یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ عطارد سورج کے اتنے قریب کیسے تشکیل پایا اور اس میں مقناطیسی میدان کے علاوہ منجمد برف کیوں موجود ہے۔

عطارد کی شدید کشش ثقل اور سورج سے قربت کے باعث خلائی طیارے کی رفتار کم رکھنے کے لیے طویل سفر کے دوران کئی مرتبہ بریک لگانا پڑی اور زمین، زہرہ اور عطارد کے گرد مختلف چکر لگائے گئے۔ انجن کے نظام میں تکنیکی مسئلے کے باعث یہ سفر مقررہ سات سال کے بجائے آٹھ سال سے زائد عرصے میں مکمل ہوا۔ مشن میں شامل دو خلائی طیارے دسمبر 2026 میں الگ ہو کر عطارد کے گرد مختلف مداروں میں چلے جائیں گے، جہاں یورپی طیارہ سیارے کی سطح کا تفصیلی نقشہ اور مقناطیسی میدان کا جائزہ لے گا، جبکہ جاپانی طیارہ اس کے گرد موجود گیسوں کا مطالعہ کرے گا۔ سائنسدان سطح پر موجود ہزاروں نشانات اور گڑھوں کی وجوہات بھی تلاش کریں گے، جبکہ باقاعدہ تحقیقی کام اپریل 2027 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

عطارد سورج کے گرد اپنا ایک چکر تقریباً 88 زمینی دنوں میں مکمل کرتا ہے، جبکہ اس کا ایک شمسی دن تقریباً 176 زمینی دنوں کے برابر ہوتا ہے۔ اس سیارے پر دن کے وقت درجہ حرارت 450 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، جبکہ رات کے دوران یہ منفی 180 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ یہی شدید درجہ حرارت اور غیر معمولی ماحول عطارد کو سائنسدانوں کے لیے ایک اہم تحقیقی ہدف بناتے ہیں۔


#TechnologyNews
#20thNov2026
#BepiColombo
 #Mercury
 #SpaceMission
 #ESA
 #JAXA
 #SpaceExploration
#TVN
#News
#TVNNews
#TVNUrdu
#TVNTechnology
#TheViewsNetwork