لندن عالمی اے آئی سیفٹی ہب بن گیا

image


لندن: (ویب ڈیسک) مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی طاقت کے ساتھ اس کے ممکنہ خطرات پر بھی تشویش بڑھنے لگی ہے، خصوصاً یہ سوال اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ آیا جدید اے آئی ماڈلز اپنے مقاصد کیلئے انسانوں کو دھوکہ دے سکتے ہیں یا جھوٹ بول سکتے ہیں۔ ان خدشات سے نمٹنے کیلئے برطانوی دارالحکومت لندن عالمی اے آئی سیفٹی ہب کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ یہاں محققین، پالیسی ساز اور سماجی کارکن مصنوعی ذہانت کو محفوظ بنانے کیلئے سرگرم ہیں۔

لندن میں گوگل ڈیپ مائنڈ کا ہیڈ کوارٹر قائم ہے جبکہ امریکی کمپنی انتھروپک نے بھی اپنا بڑا مرکز بنا رکھا ہے۔ لندن اے آئی ہب کے مطابق شہر میں تقریباً 50 ادارے مصنوعی ذہانت کے تحفظ اور ممکنہ خطرات کی روک تھام پر کام کر رہے ہیں۔ ان اداروں کی تحقیق کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کو انسانی معاشرے کیلئے محفوظ اور مفید بنانا ہے۔

اپولو ریسرچ خاص طور پر اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا اے آئی ماڈلز انسانی مفادات کے خلاف جا کر جھوٹ یا دھوکہ دہی کا سہارا لے سکتے ہیں۔ برطانیہ کا اے آئی سیکیورٹی انسٹی ٹیوٹ بھی مصنوعی ذہانت کے خطرات کا جائزہ لینے والا اہم سرکاری ادارہ ہے۔ دوسری جانب لندن انیشی ایٹو فار سیف اے آئی کنگز کراس میں نئے بڑے ہیڈ کوارٹر منتقل ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔