بجلی صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا بوجھ بڑھنے کا خدشہ، فی یونٹ 4 روپے 22 پیسے اضافے کا امکان
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو دسمبر میں بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کیونکہ سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کے تحت بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دسمبر کے لیے بجلی کی قیمتوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی کی قیمتوں اور صارفین پر پڑنے والے ممکنہ اضافی مالی بوجھ کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اس وقت ملک بھر کے بجلی صارفین بلوں میں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی طور پر 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں، تاہم دسمبر میں یہ رقم بڑھ کر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ ہونے کا امکان ہے۔ اس طرح نومبر کے مقابلے میں دسمبر کے دوران صارفین پر ایڈجسٹمنٹس کا اضافی بوجھ ایک روپے 33 پیسے فی یونٹ تک بڑھ سکتا ہے، جس کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کو بجلی کی قیمتوں سے متعلق تمام اہم تفصیلات سے آگاہ کردیا گیا ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے نتیجے میں کم سے کم اضافی مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے۔ دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو درخواست جمع کرائی ہے، جس میں آئندہ تین ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری طلب کی گئی ہے۔
#NationalNews
#21stNov2026
#ElectricityPrices
#PowerTariff
#NEPRA
#Pakistan
#ElectricityBills
#Inflation
#NationalIssue
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork