قاتل روبوٹس کے استعمال پر عالمی ضابطوں کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق
جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے کنونشن آن سرٹن کنونشنل ویپنز کے رکن ممالک کے درمیان مذاکرات ہوئے، جن کا مقصد ایسے ہتھیاروں کے نظام کو ضابطے میں لانا تھا جو انسانی نگرانی کے بغیر یا انتہائی محدود انسانی مداخلت کے ساتھ اہداف کی شناخت اور انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تقریباً 100 ممالک نے مختصر مدت میں قانونی طور پر پابند قواعد کی حمایت کی، تاہم امریکا، روس اور اسرائیل سمیت بڑے اسلحہ ساز ممالک نے عالمی قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے قومی سطح پر رہنما اصولوں کو ترجیح دی۔
اس اختلاف کے باعث مذاکرات میں طے پانے والا معاہدہ محدود رہا اور مستقبل کے ضابطوں کی قانونی حیثیت کا معاملہ غیرطے شدہ رہ گیا۔ یوکرین، سوڈان اور مشرق وسطیٰ سمیت مختلف تنازعات میں ان ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال پر عالمی تشویش بڑھ رہی ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، پوپ اور عالمی ریڈ کراس بھی مضبوط اور قانونی طور پر پابند قواعد کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ مذاکرات کے سوئس چیئرمین جولین تھونی نے معاہدے کو انسانی بنیادوں پر اسلحہ کنٹرول کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیم اسٹاپ کِلر روبوٹس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکول وین روئین نے قانونی معاہدے میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں اور انسانیت کو خطرات لاحق ہیں۔
بعض مبصرین اور سابق فوجی حکام نے تجویز دی ہے کہ اتفاق رائے سے پیش رفت ممکن نہ ہونے کی صورت میں اقوام متحدہ کے موجودہ فریم ورک سے باہر کسی نئے طریقہ کار پر غور کیا جائے، کیونکہ موجودہ کنونشن کے تحت کسی بھی فیصلے کے لیے تمام 128 رکن ممالک کا اتفاق رائے ضروری ہے۔
#InternationalNews
#21stNov2026
#KillerRobots #AutonomousWeapons
#UnitedNations
#ArmsControl
#HumanRights
#InternationalSecurity
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork