پنجاب: اپنی چھت اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم کے لیے پانچ شہروں میں 519 کنال زمین کی منظوری

image

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے بے گھر شہریوں کے لیے احسن اقدام، 519 کنال زمین پر اپنی چھت اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری دے دی گئی۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب میں کم آمدن والے بے گھر لوگوں کی ہاؤسنگ اسکیم کے لیے پانچ شہروں میں اسٹیٹ لینڈ کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ماڈل گھروں کی تعمیر اور ماہانہ قسط پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں لاہور سمیت پانچ بڑے شہروں میں 519 کنال اراضی پر ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی گئی۔ گھروں کے نقشوں کے لیے پاکستان کونسل فار آرکی ٹیکٹ اینڈ ٹاؤن پلانرز سے مشاورت پر اتفاق کر لیا گیا۔

اجلاس میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری، ایس ایم بی آر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری ہاؤسنگ، سیکریٹری فنانس، کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت…… اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ شہروں کے قریب لانچ کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ انہوں نے کم از کم لاگت میں بہترین گھر تیار کرنے کے لیے اقدامات کا بھی حکم دیا ہے۔