ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان مکمل

image

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی  دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس چلےگئے، ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے الوداع کیا۔

کراچی: (قومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی ایئرپورٹ سے ایران روانہ ہوئے، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور دیگر اعلیٰ حکام نے ایران کے صدر کو الوداع کیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کرنے کے بعد کراچی پہنچے تھے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے، گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر کا کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے استقبال کیا تھا، ایرانی صدر کے استقبال کے موقع پر رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری، صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے، ابراہیم رئیسی ایئر پورٹ سے گورنر ہاؤس پہنچے۔ گورنر ہاؤس میں گورنر کامران خان ٹیسوری اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات ہوئی اس دوران دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تبادلہ بڑھانے پر اتفاق کیا، کامران ٹیسوری نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، ابراہیم رئیسی نے سندھ میں بہترین مہمان نوازی پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔