صدر سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایجنسی کے وفد کی ملاقات

image

صدر سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایجنسی کے وفد کی ملاقات، دو تعلقات مزید بہتر بنانے پر زور، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) صدر آصف علی زرداری سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وفد نے ملاقات کی۔ چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لوؤچاؤہوئی نے وفد کی قیادت کی، ملاقات میں چینی سفیر چیانگ زی ڈونگ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدتی تزویراتی تعلقات ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا پاک چین تعلقات کو تجارت، معیشت، زراعت اور ثقافت کے شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان سی پیک کو تزویراتی اہمیت کا حامل منصوبہ سمجھتا ہے، پاکستان تمام سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ گوادر بندرگاہ سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔

صدر مملکت نے بشام میں چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا، لوؤ چاؤ ہوئی نے کہا کہ دشمن دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ صدر مملکت نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔