بنگالی ٹائیگرز لاہور پہنچ گئے

image

پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز، بنگالی اسکواڈ لاہور لینڈ کر گیا، شکیب الحسن آج رات کینیڈا سے پاکستان پہنچیں گے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پہنچ گئی ہے۔ مہمان ٹیم 3 روز لاہور میں ٹریننگ کے بعد 17 اگست کو اسلام آباد جائے گی جہاں 21 اگست سے پاک بنگلہ دیش ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوگا۔ ڈھاکہ سے لاہور پہنچنے والی بنگالی ٹیم کیلئے  سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں نجی ہوٹل پہنچایا گیا۔ شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم آج ہوٹل میں آرام کرے گی اور کل قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 3 دن تک ٹریننگ کے بعد 17 اگست کو بنگلہ دیش کی ٹیم اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگی۔

پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے 21 اگست کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قدم رکھے گی جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے کراچی میں شروع ہو گا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت نجم الحسن شانتو کر رہے ہیں جبکہ اسکواڈ میں محمود الحسن جوئے، ذاکر حسن، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔