پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز

image

آئی سی سی ویمنز ایمپائر پینل، پہلی پاکستانی خاتون پینل کیلئے نامزد، سلیمہ امتیاز اب دو طرفہ میچز میں ایمپائرنگ کے فرائض سر انجام دے سکیں گی۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) سلیمہ امتیاز آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کرکٹ امپائر سلیمہ امتیاز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزد ہوگئی ہیں۔ سلیمہ امتیاز آئی سی سی پینل میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ اس نامزدگی کے بعد وہ دو طرفہ انٹرنیشنل سیریز اور آئی سی سی ویمنز ایونٹس میں امپائرنگ کرسکیں گی۔

سلیمہ امتیاز جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف ٹی 20 ہوم سیریز میں امپائرنگ کریں گی۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں سلیمہ امتیاز کا کہنا تھا کہ یہ صرف میرے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے خوشی کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواقع فراہم کرنے پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شکر گزار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس نامزدگی سے دیگر خواتین کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی ہوگی۔ قبل ازیں پاکستان کی طرف سے کوئی خاتون ایمپائر پینل میں نامزد نہیں تھی۔ مردوں میں ٹاپ کلاس ایمپائر علیم ڈار بہترین ایمپائرز میں شمار ہوتے تھے۔