آئی سی سی پہ قبضے کا بھارتی خواب

image

جے شاہ آئی سی سی چیئرمین شپ کیلئے متحرک، آسٹریلوی میڈیا کا دعویٰ، بھارتی براڈ کاسٹرز کو فائدہ پہنچانے کیلئے جے شاہ خلاف قاعدہ اقدامات اٹھاتے ہیں۔

سڈنی: (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے 2022ء میں منتخب ہوئے تھے جن کی مدت نومبر 2024ء میں ختم ہو جائے گی۔ آئی سی سی کے اگلے چیئرمین کے انتخابات رواں سال نومبر میں ہی ہوں گے۔ آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے کیلئے جے شاہ کو ایشین کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونا ہوگا۔ قوانین کے تحت آئی سی سی چیئرمین اپنے عہدے کے علاوہ کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فروری 2025ء میں شیڈول ہے جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں کل 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ میگا ایونٹ ایک روزہ بین الاقوامی طرز کی کرکٹ پر کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کے ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کی سرِ فہرست 7 ٹیموں نے اس ٹورنامنٹ کیلئے اپنی پوزیشن محفوظ کر لی تھی جبکہ پاکستان نے بطورِ میزبان اس کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ پاکستان میں ہونے والی 2025ء چیمپئنز ٹرافی میں ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل نہیں ہوں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں اور شیڈول میں تبدیلی کی میڈیا رپورٹس گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی تھیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ مایوس کن ہے کہ کچھ میڈیا آؤٹ لیٹس نے کل میڈیا سے ہونے والی پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی بات چیت کو غلط طریقے سے پیش کیا۔ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی تاریخوں میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں گمراہ کن طور پر حوالہ دیا جس نے غیر ضروری سنسنی خیزی کو جنم دیا۔